لاہور (جانب منزل نیوز) نامور پاکستانی اداکار شان شاہد نے ایک گفتگو کے دوران اپنی بیٹیوں سے بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایسی باتیں شیئر کی ہیں جو ہر باپ کے دل کی ترجمانی کرتی ہیں۔
شان شاہد کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ان کی بیٹیوں کی پیدائش تھی، وہ اس عظیم نعمت پر اللہ تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں۔ اداکار کے مطابق وہ اس سوچ سے ہی عاجز ہو جاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بیٹیوں جیسی قیمتی امانت کی ذمہ داری سونپی۔
انہوں نے اپنی بیٹیوں کو خوبصورت، سمجھدار اور صابر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسکراہٹ باپ کی تمام تھکن بھلا دیتی ہے، جبکہ ان کے خواب پورے کرنا زندگی کے حسین ترین مقاصد میں شامل ہے۔
گفتگو کے دوران شان شاہد نے اپنی والدہ کی محبت کو بھی یاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کے پاؤں دبا کر سویا کرتے تھے، لیکن والدہ کے انتقال کے بعد اب وہی محبت اور پیار اپنی بیٹیوں پر نچھاور کرتے ہیں۔
شان شاہد کے یہ جذباتی خیالات اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ بیٹیاں صرف باپ کی خوشی نہیں بلکہ اس کی زندگی کا سب سے خوبصورت سرمایہ بھی ہوتی ہیں۔





