انڈیا (جانب منزل نیوز) پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت کا جادو سرحد پار بھی سر چڑھ کر بولنے لگا۔ بھارت میں ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے اپنی پسندیدہ پاکستانی اداکارہ کی تصویر رکشے کے پچھلے حصے پر سجا کر سب کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں رکشے کے پیچھے ہانیہ عامر کی تصویر واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ مداح کے اس منفرد انداز نے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ سمیٹ لی اور ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے پاکستانی فنکاروں کی سرحد پار مقبولیت کو سراہا۔ ایک صارف نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ کبھی پاکستان میں سری دیوی، مادھوری ڈکشٹ اور ریکھا جیسی بھارتی اداکاراؤں کے پوسٹرز عام دکھائی دیتے تھے، جبکہ آج پاکستانی فنکار بھی بھارت میں مداحوں کے دل جیت رہے ہیں۔
ہانیہ عامر کی مقبولیت میں ڈراما سیریل ’’میرے ہمسفر‘‘ کے بعد مزید اضافہ ہوا، ان کی جاندار اداکاری، دلکش شخصیت اور سوشل میڈیا پر سرگرم موجودگی نے انہیں عالمی سطح پر بھی نمایاں شناخت دلائی ہے۔
تازہ ویڈیو نے ایک بار پھر شوبز حلقوں میں یہ دلچسپ بحث چھیڑ دی ہے کہ فن اور فنکاروں کی مقبولیت کسی سرحد کی پابند نہیں ہوتی۔





