مری (جانب منزل نیوز) مری میں برفباری کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر پولیس نے پیشگی تیاریاں شروع کر دیں۔ محفوظ سیاحت، ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور سیاحوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے اسلام آباد اور مری پولیس نے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی۔
اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان اور ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے درمیان ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا، جس میں برفباری کے سیزن کے دوران متوقع سیاحتی رش اور ٹریفک انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بھارہ کہو، پھلگراں اور مری ایکسپریس وے پر ٹریفک کنٹرول، گاڑیوں کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دونوں اضلاع کی پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
سی ٹی او اسلام آباد کائنات اظہر خان نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی کہ برفباری کے دوران سفر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ سرد موسم میں سیاحت کا لطف محفوظ اور خوشگوار بنایا جا سکے۔





