چین (جانب منزل نیوز) چین نے جدید فضائی ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی۔ ملک کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک مسافر طیارے ’’سی ای 25 اے‘‘ نے انسانوں کے ہمراہ اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کرلی۔
سرکاری طیارہ ساز ادارے کومیک کے تیار کردہ 10 ٹن وزنی طیارے نے 14 نومبر کو صوبہ شانڈونگ کے شہر بنژو میں اڑان بھری۔ آزمائشی پرواز میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔ طیارہ 16 منٹ 38 سیکنڈ تک فضا میں رہا اور 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
سی ای 25 اے میں 19 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، جبکہ یہ ایک مرتبہ چارج ہونے پر 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 400 کلومیٹر تک پرواز کرسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق الیکٹرک طیاروں کی یہ پیش رفت مستقبل میں قریبی شہروں کے درمیان کم لاگت، کم شور اور ماحول دوست فضائی سفر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔





