ایڈیلیڈ (جانب منزل نیوز) انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میں مایوس کن شکست کا حساب دوسرے میچ میں چکتا کردیا۔ ٹام بینٹن کی شاندار سنچری اور بولرز کی تباہ کن کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کو 135 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کرلی۔
ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 355 رنز بنائے۔ ٹام بینٹن نے آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے سامنے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 99 گیندوں پر 121 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
جو روٹ نے 62 اور جارڈن کاکس نے 67 رنز بنا کر بینٹن کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ ول جیکس نے ناقابلِ شکست 54 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کا مجموعہ مزید مستحکم کردیا۔
355 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ گس اٹکنسن نے ابتدائی اوورز میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 27 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 220 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے میٹ رینشا اور کیمرون گرین نے 63، 63 رنز بنائے، لیکن ان کی مزاحمت بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز کو فیصلہ کن مرحلے میں پہنچا دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔





