برسبین (جانب منزل نیوز) آسٹریلیا نے رگبی لیگ ورلڈ کپ کے فائنل میں روایتی حریف نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 12 کے مقابلے میں 32 پوائنٹس سے شکست دے دی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے مسلسل چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔
برسبین کے سنکورپ اسٹیڈیم میں شائقین سے بھرے میدان میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلوی ٹیم نے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کینگروز کو 6-24 کی فیصلہ کن برتری حاصل تھی، جسے دوسرے ہاف میں مزید مستحکم کرتے ہوئے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے لیام مارٹن اور جیک بوسٹاک نے دو، دو ٹرائیز اسکور کیں، جبکہ بریڈمین بیسٹ اور ٹام ٹربویوچ نے بھی ایک، ایک ٹرائی کرکے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، تاہم آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بہترین فٹنس اور شاندار کھیل کے سامنے کیویز کی ایک نہ چلی۔
اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے رگبی لیگ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا 13واں ٹائٹل جیت لیا۔ 1954 میں شروع ہونے والے ایونٹ میں کینگروز 17 میں سے 13 مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ آخری مرتبہ 2008 میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔
آسٹریلیا نے مسلسل 23ویں ورلڈ کپ میچ میں کامیابی حاصل کرکے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ عالمی رگبی لیگ میں اس کی حکمرانی کو چیلنج کرنا آسان نہیں۔





