اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے لگیں، وزیر دفاع خواجہ آصف نے عندیہ دیا ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
خواجہ آصف پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے، امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہو جائیں گے اور کوئی قابل قبول حل سامنے آ جائے گا۔
وزیر دفاع کے مطابق نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت ہوگی، اس سے کسی سیاسی جماعت کی سیاست کو خطرہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے قائم ہونے کے بعد ملک کا سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے سال میں نیا نظام سامنے آنے کا امکان ہے، تاہم صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل کا طریقہ کار انہیں معلوم نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر بات کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نہیں کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی رضامند ہو جائیں تو ان کے لیے بھی سیاسی مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ آصف زرداری، نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنما بھی اتفاق رائے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔





