ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں عوامی صحت کے تحفظ اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی اقدامات مزید مؤثر بنا دیے گئے۔ الظفرہ ریجن میونسپلٹی نے اکتوبر 2026 کے دوران ویٹرنری معائنے کے نتیجے میں 84 کیسز نمٹائے۔
میونسپلٹی کے مطابق ان کیسز میں 77 جزوی اور 7 مکمل طور پر گوشت کو انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ قبول قرار دینے کے فیصلے شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کو خوراک کی سپلائی چین میں شامل ہونے سے روکنا ہے۔
حکام کے مطابق سلاٹر ہاؤسز میں ویٹرنری ماہرین جانوروں کے گوشت کا تفصیلی معائنہ کرتے ہیں تاکہ انسانی استعمال کے لیے اس کی موزونیت یقینی بنائی جا سکے، جبکہ مویشی منڈیوں میں آنے والے جانوروں کی بھی باقاعدہ طبی جانچ کی جاتی ہے۔
الظفرہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ باقاعدہ معائنے اور سخت حفاظتی ضوابط کے ذریعے عوامی صحت، فوڈ سکیورٹی اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔





