عمان (جانب منزل نیوز) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جشن کا انداز تنازع کا شکار ہوگیا۔ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے جارحانہ جشن، نامناسب اشاروں اور مبینہ نازیبا جملوں پر کرکٹ حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی وکٹ کیپر حمزہ ظہور کے سامنے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کو بھی کھلاڑیوں کو روکنے اور صورتحال قابو میں لانے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا نے بھی اپنی ٹیم کے جشن کے انداز کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے واقعے کی ویڈیوز اور کھلاڑیوں کے طرزِ عمل کو رپورٹ کیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کھیل میں کامیابی کا جشن منانا ہر ٹیم کا حق ہے، تاہم حریف کھلاڑیوں کی تضحیک اور نامناسب اشارے اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی ہیں۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تاہم میدان میں فتح کے بعد پیش آنے والے واقعات نے کرکٹ کے اخلاقی تقاضوں اور کھیل کے احترام سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔





