لاہور (جانب منزل نیوز) نواز شریف کینسر ہسپتال کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی ماہانہ تنخواہ اور مراعات 90 لاکھ روپے سے زائد مقرر کیے جانے کا معاملہ زیرِ بحث آگیا۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اے آر وائی نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں تقرری کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ ماہرِ امراضِ سرطان کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد ہسپتال کو بین الاقوامی معیار کا جدید طبی ادارہ بنانا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق کے مطابق ڈین کی تقرری کے لیے بین الاقوامی اخبارات میں اشتہارات دیے گئے تھے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کے نام اور تنخواہ کی منظوری پنجاب کابینہ سے حاصل کی گئی۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قیصر بشیر امریکہ کے معروف ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے ایم بی بی ایس کیا اور بعد ازاں امریکہ میں اعلیٰ تخصصی تربیت حاصل کی۔ ان کے 165 تحقیقی مقالے بین الاقوامی طبی و سائنسی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق کے مطابق نواز شریف کینسر ہسپتال میں اسٹیم سیل، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور جدید سیلولر تھراپی جیسی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی۔ حکومت کا مقصد اس ادارے کو کینسر کے علاج کے ساتھ تحقیق، طبی تعلیم اور جدید ترین علاج کا بین الاقوامی مرکز بنانا ہے۔





