کراچی (جانب منزل نیوز) سندھ حکومت نے سرکاری شعبے میں جدید ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے اور اخراجات میں کمی کے لیے اہم فیصلہ کرلیا۔ روایتی سرکاری گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے ایندھن کی کھپت کم کرنے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں سرکاری محکموں کی گاڑیوں سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن، اسٹیبلشمنٹ اور جامعات و بورڈز کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ نئی گاڑیوں کی خریداری میں الیکٹرک وہیکلز کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
شرجیل میمن کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات کم کرنے کے ساتھ سرکاری خزانے پر بوجھ بھی گھٹائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کو جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانی چاہیے۔





