ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں فن و ثقافت کے فروغ کی ایک اور دلکش مثال سامنے آگئی، ابوظہبی کے کلچرل فاؤنڈیشن میں معروف اماراتی آرٹسٹ شیخہ المزروع کی شاندار نمائش ٹو ہورائزنز کا آغاز ہوگیا، جہاں فن پاروں نے دیکھنے والوں کو تخیل، جدت اور تخلیقی حسن کی ایک نئی دنیا سے روشناس کرادیا۔
شیخہ المزروع نے اپنے فن کا جادو جگاتے ہوئے اسٹیل، سنگِ مرمر، شیشے، ریزن اور تانبے جیسے سخت اور بھاری مواد کو ایسی دلکش شکلوں میں ڈھالا ہے جو کہیں پانی کی لہروں اور کہیں کاغذ کی تہوں کا گمان پیدا کرتی ہیں۔ ان کی تخلیقات میں قدرتی مناظر، پانی، افق، انسانی احساسات اور امید کے رنگ نمایاں ہیں۔
آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ افق کبھی محض ایک سیدھی لکیر نہیں ہوتا، بلکہ ہماری آنکھیں اسے ایسا دیکھنے کا دھوکا دیتی ہیں۔ یہی منفرد سوچ ان کی نمائش کا بنیادی تصور ہے، جہاں روایتی مواد کو جدید تخلیقی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نمائش میں جاپان کے آرٹ ایونٹ کے لیے تیار کیا گیا فن پارہ بھی شامل ہے، جبکہ بعض تخلیقات میں اعداد، مقامات اور علامتوں کے ذریعے انسانی زندگی، تعلقات اور امید کے مختلف پہلو اجاگر کیے گئے ہیں۔
شیخہ المزروع نیو یارک یونیورسٹی ابوظہبی میں آرٹس پریکٹس کی ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی ہیں۔ ان کی یہ منفرد نمائش 18 جولائی 2027 تک عوام کے لیے کھلی رہے گی، جہاں آرٹ کے شائقین اماراتی فن کی جدت، خوبصورتی اور تخلیقی وسعت سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔





