دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے ڈیجیٹل تجارت کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی، کاغذی کارروائی کا خاتمہ اور کسٹمز کلیئرنس مزید تیز بنانے کے لیے جدید ترین ای اے ٹی اے کارنیٹ سسٹم متعارف کرا دیا۔
متحدہ عرب امارات نے 9 نومبر سے مکمل ڈیجیٹل اے ٹی اے کارنیٹ نظام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد یو اے ای یورپ سے باہر دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں اس نظام کے تحت کارنیٹس کے اجرا اور کسٹمز پراسیسنگ کا مکمل ڈیجیٹل طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔
دبئی چیمبرز کے تعاون سے شروع ہونے والا یہ جدید نظام بین الاقوامی تجارت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس کے ذریعے روایتی کاغذی دستاویزات کی ضرورت کم ہوگی، سرحدوں پر سامان کی کلیئرنس تیز ہوگی اور کاروباری اداروں کو وقت اور اخراجات کی بچت حاصل ہوگی۔
دبئی چیمبر آف کامرس نے متحدہ عرب امارات کے کسٹمز حکام اور انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے اس نظام کی تیاری، تکنیکی جانچ اور متعلقہ حکام کی تربیت مکمل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2011 سے 2025 کے دوران متحدہ عرب امارات میں مجموعی طور پر 63 ہزار 591 اے ٹی اے کارنیٹس جاری اور موصول کیے گئے، جن کے ذریعے 54 ارب 40 کروڑ درہم مالیت کی اشیا کی عارضی درآمد اور برآمد ممکن ہوئی۔
دبئی چیمبرز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو محمد علی راشد لوتاہ کے مطابق یہ پیش رفت تجارتی سہولتوں کو مزید تیز، شفاف اور محفوظ بنانے کے ساتھ متحدہ عرب امارات کو عالمی تجارت اور بین الاقوامی نمائشوں کے ایک ممتاز مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیا ڈیجیٹل نظام تجارتی کارروائیوں میں تیزی، دستاویزات کے استعمال میں کمی اور کاروباری اداروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔





