شارجہ (جانب منزل نیوز) کتاب دوستی، علم پروری اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے شاندار اقدام، شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے 45ویں بین الاقوامی کتاب میلے میں شریک ناشرین سے نئی کتابوں کی خریداری کے لیے 45 لاکھ درہم مختص کر دیے۔
اس خصوصی فنڈ کے ذریعے شارجہ بھر کی سرکاری اور عوامی لائبریریوں کو جدید علمی، ادبی اور تحقیقی کتابوں سے آراستہ کیا جائے گا، تاکہ طلبہ، اساتذہ، محققین اور عام قارئین کو علم کے نئے دروازوں تک رسائی حاصل ہو۔
شارجہ ایکسپو سینٹر میں 4 سے 15 نومبر تک جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں دنیا بھر سے 126 ممالک کے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان شریک ہیں، جہاں سائنس، ادب، فنون اور دیگر موضوعات پر مشتمل 17 لاکھ سے زیادہ کتابیں پیش کی گئی ہیں۔
اس اقدام کے تحت کتاب میلے میں شریک ناشرین سے براہِ راست کتابیں خریدی جائیں گی، جس سے اشاعتی صنعت کو مالی معاونت ملنے کے ساتھ لائبریریوں کے ذخیرے میں بھی نئی اور معیاری تصانیف شامل ہوں گی۔
شارجہ بک اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی کے مطابق یہ اقدام اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ کتابیں ہر طبقے تک پہنچیں اور لائبریریاں علم، تحقیق اور اجتماعی سیکھنے کے مؤثر مراکز بنیں۔





