جدہ (جانب منزل نیوز) سعودی عرب نے حج 2027 کے لیے غیر معمولی انتظامات کا آغاز کرتے ہوئے عازمینِ حج کی رہائش کے لیے 13 لاکھ سے زائد بستروں کی گنجائش مختص کر دی ہے۔ مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائشی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے جدہ میں حج کانفرنس و نمائش کے موقع پر بتایا کہ دونوں مقدس شہروں میں تقریباً 4 ہزار رہائشی عمارتوں کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 4 لاکھ کمرے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ عارضی رہائشی سہولیات میں مزید 5 لاکھ 60 ہزار بستروں کی گنجائش بھی فراہم کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے حج انتظامات میں معیار اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے معائنے کے دوران تقریباً 400 عمارتوں کو رہائشی فہرست سے خارج کر دیا۔ ان عمارتوں میں حفاظتی انتظامات اور رہائشی سہولیات مقررہ معیار کے مطابق نہیں پائی گئیں۔
معائنے کے دوران عمارتوں کی مضبوطی، ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر سیفٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ عازمین کو محفوظ اور معیاری رہائش فراہم کی جا سکے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے بتایا کہ 2026 کے حج سیزن میں عازمین کی فراہم کردہ سہولیات سے اطمینان کی شرح 93 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس بہتری کے لیے 60 سے زائد سرکاری اور آپریشنل اداروں نے مشترکہ طور پر کام کیا جبکہ تقریباً 600 عملی منصوبوں پر عمل درآمد کیا گیا۔





