دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کے لیے نئے ٹریفک قوانین متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ نئے ضوابط کے تحت ای اسکوٹر سواروں کی کم از کم عمر، پرمٹ، رجسٹریشن اور حفاظتی اقدامات سے متعلق شرائط مزید سخت کر دی گئی ہیں۔
نئے قوانین کے مطابق الیکٹرک اسکوٹر، الیکٹرک سائیکل اور چھوٹی موٹرائزڈ بائیکس چلانے کے پرمٹ کے لیے کم از کم عمر 15 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ پرمٹ تین سال کے لیے جاری ہوگا اور اس کی تجدید بھی ممکن ہوگی۔
حفاظتی انتظامات کے تحت اسکوٹر میں سامنے کی لائٹ، عقب میں سرخ بریک لائٹ، وارننگ ہارن اور کم از کم پچھلے پہیے میں بریک کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ ٹائروں اور دیگر پرزوں کا درست اور محفوظ حالت میں ہونا بھی ضروری ہوگا۔
نئے ضوابط کے تحت ای اسکوٹر صرف متعلقہ حکام کے منظور شدہ راستوں پر چلائے جا سکیں گے، جبکہ موٹر گاڑیوں کے لیے مخصوص سڑکوں پر ان کا استعمال ممنوع ہوگا۔ پیدل چلنے والوں کے کراسنگ سگنلز کی پابندی بھی لازم ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق جہاں ضروری ہو گا وہاں ای اسکوٹر کی رجسٹریشن اور متعلقہ پرمٹ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا، تاہم طریقہ کار امارت اور اسکوٹر کی قسم کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق یو اے ای میں 2025 کے دوران ای اسکوٹر کے بڑے حادثات میں 97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حادثات کی تعداد 2024 میں 61 تھی جو 2025 میں بڑھ کر 120 ہو گئی۔ دوسری جانب دبئی پولیس نے 2026 کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 13 ہزار 657 ای اسکوٹر ضبط کیے۔
حکام نے اسکوٹر استعمال کرنے والوں کو ہیلمٹ پہننے، مقررہ رفتار برقرار رکھنے، لائٹس اور بریک چیک کرنے اور منظور شدہ راستوں پر سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نئے اقدامات کا مقصد سڑکوں کو محفوظ بنانا اور پیدل چلنے والوں سمیت تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔





