دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں رحم دلی اور انسانیت کی ایک دل چھو لینے والی مثال سامنے آگئی، دبئی کی مصروف شاہراہ پر ایک شامی شہری نے اپنی بروقت توجہ اور ہمدردی سے تھکن کے باعث بے بس ہونے والے پیلیکن پرندے کو ممکنہ حادثے سے بچا لیا۔
شامی شہری عبدالرزاق سلیمان یکم نومبر کو ورسان سے شارجہ جا رہے تھے کہ راس الخور روڈ پر انہیں ایک پیلیکن پرندہ سڑک کے درمیان پھنسا ہوا دکھائی دیا۔ پرندہ اس قدر نڈھال تھا کہ اڑنے کی بھی ہمت نہیں کر پا رہا تھا۔
عبدالرزاق نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی محفوظ مقام پر روکی اور احتیاط کے ساتھ پرندے کو ٹریفک سے دور لے جانے کی کوشش شروع کر دی۔ ان کی اس کوشش میں دیگر ڈرائیوروں نے بھی بھرپور تعاون کیا اور اپنی گاڑیاں روک کر پرندے کو محفوظ راستہ فراہم کیا۔
شامی شہری کے مطابق اس ریسکیو آپریشن میں پانچ سے دس منٹ لگے۔ بعدازاں ایک اماراتی شہری نے پرندے کو اپنی گاڑی میں دبئی سفاری پارک منتقل کر دیا۔
عبدالرزاق سلیمان کا کہنا تھا کہ مصیبت میں پھنسے جانور کی مدد کرنا فطری عمل ہے، متحدہ عرب امارات کی قیادت نے ہمیشہ زندگی کے تحفظ، رحم دلی اور ذمہ داری کا درس دیا ہے۔





