اسلام آباد (جانب منزل نیوز ) چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے معاشی ترقی کے نئے دروازے کھلنے کی امید، وفاقی حکومت نے برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کو نئی رفتار دینے کے لیے 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم صرف ایس ایم ایز کے لیے مختص کر دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی ہدایات پر اس اسکیم میں زرعی شعبے سے وابستہ اہل چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب صرف وہ کاروبار قرض حاصل کر سکیں گے جو ایس ایم ایز کے مقررہ معیار پر پورا اتریں گے۔
حکومت نے نئے قرض حاصل کرنے والوں کے لیے الگ کیٹیگری بھی ختم کر دی ہے، جس کے بعد نئے درخواست گزاروں کو بھی ایس ایم ایز کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایگزم بینک نے شریک کمرشل بینکوں کو نئی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد چھوٹے کاروباری اداروں کو مالی معاونت فراہم کرنا، پیداواری صلاحیت بڑھانا اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔





