دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے باصلاحیت نوجوانوں نے عالمی سطح پر ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔ جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں منعقدہ عالمی روبوٹکس اولمپکس 2026 میں یو اے ای کی 14 رکنی طلبہ ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیت کر ملک کا پرچم بلند کردیا۔
دنیا بھر میں ’’روبوٹکس اولمپکس‘‘ کے نام سے پہچانے جانے والے فرسٹ گلوبل چیلنج مقابلے میں 187 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں اماراتی طلبہ نے اپنی تکنیکی مہارت، تخلیقی سوچ اور بہترین ٹیم ورک سے نمایاں مقام حاصل کیا۔
یہ مقابلہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا عالمی پلیٹ فارم ہے۔ اماراتی ٹیم نے وننگ الائنس فائنلز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
یو اے ای کی ٹیم اس سے قبل بھی عالمی مقابلوں میں اپنی قابلیت ثابت کرچکی ہے۔ 2024 میں ٹیم نے سلور اور برونز میڈلز حاصل کیے، جبکہ 2025 میں پاناما سٹی میں نیو ٹیکنالوجی ایکسپیرینس کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ گزشتہ سال کامیاب ہونے والے اسٹیش منصوبے میں جدید ہائیڈروجل ٹیکنالوجی کے ذریعے حیاتیاتی مواد کو محفوظ رکھنے کا طریقہ پیش کیا گیا تھا۔
14 رکنی ٹیم میں دبئی اور ابوظہبی کے مختلف معروف تعلیمی اداروں کے طلبہ شامل تھے۔ ٹیم کی کپتان شریا نے اس کامیابی کو یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ سیکھنے، مل کر چیلنجز حل کرنے اور نئی دوستیاں بنانے کا موقع ملا۔
ٹیم کو علی محمد شیخ علی عبدالرحمٰن، منوج تھنیکل جوزف اور ہیڈ کوچ محمد مختار لطیف نے تربیت فراہم کی۔ کوچز کے مطابق طلبہ نے روبوٹ ڈیزائن، مسائل کے حل اور ٹیم ورک میں غیر معمولی محنت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
یونیک ورلڈ روبوٹکس کی معاونت سے تیار ہونے والی ٹیم کی کامیابی پر دبئی میں خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، کوچز، والدین اور سرپرستوں نے شرکت کی۔
اماراتی نوجوانوں کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید تعلیم، سائنسی تربیت اور تخلیقی صلاحیتوں پر توجہ دے کر نئی نسل عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرسکتی ہے۔





