شارجہ (جانب منزل نیوز) شارجہ میں علم و ادب، تخلیقی صلاحیتوں اور اشاعتی خدمات کے اعتراف کا شاندار جشن منعقد ہوا، جہاں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2026 کے ایوارڈ یافتہ مصنفین اور پبلشرز کو اعزازات سے نوازا گیا۔
شارجہ بک اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی نے ایک پروقار تقریب میں نمایاں ادبی شخصیات کو ایوارڈز پیش کیے۔ 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے تحت منعقدہ تقریب میں مصنفین، ناشرین اور ثقافتی و میڈیا شعبوں کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
رواں سال ایوارڈز کے لیے اماراتی، عربی اور بین الاقوامی کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 18 نامزدگیاں موصول ہوئیں۔
شارجہ ایوارڈ برائے اماراتی کتاب میں نامزدگیاں 184 سے بڑھ کر 380 ہوگئیں، جبکہ بہترین عربی ناول کے لیے 1,593 نام موصول ہوئے۔ بہترین بین الاقوامی کتاب کے شعبے میں نامزدگیاں 454 سے بڑھ کر 1,045 تک پہنچ گئیں۔
بہترین اماراتی ناول کا ایوارڈ مریم الزرونی، بہترین اماراتی علمی کتاب کا اعزاز سرور خلیفہ الکعبی، بہترین شاعری کی کتاب کا ایوارڈ ڈاکٹر شہاب غانم اور بہترین اولین اماراتی ناول کا اعزاز صالح البحر نے حاصل کیا۔
بہترین عربی ناول کا ایوارڈ انتوان دوایہی نے اپنے ناول ’’الشتاء الکبیر‘‘ پر حاصل کیا۔
بین الاقوامی فکشن کی بہترین کتاب کا اعزاز مارشیا ہچنسن جبکہ بہترین نان فکشن کتاب کا ایوارڈ نرمالا لکشمن کے نام رہا۔
القاسمی پبلی کیشنز کو بہترین مقامی پبلشنگ ہاؤس، لبنان کے عرب انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ پبلشنگ کو بہترین عربی پبلشنگ ہاؤس جبکہ پولینڈ کے سونیا دراگا پبلشنگ ہاؤس کو بہترین بین الاقوامی پبلشنگ ہاؤس کا اعزاز دیا گیا۔
تقریب میں لانچ ٹریک 2026 کے فارغ التحصیل افراد کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ پروگرام نئے ناشرین اور ثقافتی منصوبوں کو فروغ دینے، اشاعتی صنعت میں پائیدار ترقی اور نوجوان تخلیق کاروں کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔





