ممبئی (جانب منزل نیوز) جنوبی بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ اور نیشنل ایوارڈ یافتہ کیرتھی سریش نے اپنی ازدواجی زندگی اور محبت کی کہانی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بزنس مین انتھونی تھٹِل سے شادی کے فیصلے پر انہیں خاندانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باعث اہلِ خانہ کو راضی کرنے میں وقت لگا، تاہم 15 سالہ محبت بالآخر شادی کے خوبصورت رشتے میں بدل گئی۔
اداکارہ نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے دلچسپ پہلوؤں سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ اور معروف اداکارہ میناکا کو کالج کے زمانے میں ان کی محبت کا علم اس وقت ہوا جب انہوں نے بیٹی کی ذاتی ڈائری پڑھ لی۔
کیرتھی سریش کے مطابق انتھونی کے ساتھ ان کی محبت کا آغاز بارہویں جماعت مکمل کرنے کے بعد ہوا۔ کالج کے زمانے میں والدہ نے ان کی ڈائری پڑھ لی، جس میں محبت سے متعلق تمام تفصیلات درج تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ والدہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ ان کی ماں ہیں اور ڈائری پڑھ سکتی ہیں۔ اس واقعے نے انہیں اس قدر متاثر کیا کہ انہوں نے ڈائری لکھنے کی عادت ہی ترک کردی، حالانکہ انہیں لکھنے کا بے حد شوق تھا۔
کیرتھی سریش نے بتایا کہ انتھونی تھٹِل کا تعلق مسیحی مذہب سے ہونے کے باعث گھر میں اس رشتے کو قبول کرنے کے حوالے سے مشکلات پیش آئیں۔ خاندان کو راضی کرنے میں خاصا وقت لگا، تاہم دونوں نے اپنے رشتے کو مضبوطی سے برقرار رکھا۔
کیرتھی اور انتھونی دسمبر 2009 میں ایک دوسرے سے ملے اور جنوری 2010 میں ان کی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔ تقریباً 15 سالہ رفاقت کے بعد دونوں نے 12 دسمبر 2024 کو گوا میں شادی کرلی۔
اداکارہ نے اپنی محبت کی سب سے خوبصورت بات بتاتے ہوئے کہا کہ انتھونی انہیں فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے ہی جانتے تھے۔ دونوں نے طویل عرصے تک اپنے تعلق کو نجی رکھا اور کئی سال طویل فاصلے کے باوجود محبت کا رشتہ برقرار رکھا۔
ان کی شادی گوا میں ہندو اور مسیحی روایات کے مطابق دو الگ تقریبات میں منعقد ہوئی، جس میں اہلِ خانہ اور قریبی دوست شریک ہوئے۔
کیرتھی سریش حال ہی میں نیٹ فلکس کی کرائم تھرلر سیریز ’’اکّا‘‘ میں نظر آئیں، جس میں رادھیکا آپٹے، تنوی آزمی اور دیگر معروف فنکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔
اداکارہ کی 15 سالہ محبت کی کہانی مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں محبت، اعتماد، صبر اور خاندانی رضامندی کا خوبصورت امتزاج سامنے آیا ہے۔





