عجمان (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ساحلی حسن کو مزید نکھارنے اور شہریوں و سیاحوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بیچ ڈیولپمنٹ منصوبے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ عجمان میونسپلٹی اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان محمد النعیمی نے منصوبے کا دورہ کرکے افتتاح سے قبل انتظامات کا جائزہ لیا۔
منصوبہ عجمان اربن پلان 2040 اور عجمان وژن 2030 کے اہداف کے تحت پائیدار شہری ماحول کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے، جس کا مقصد معیارِ زندگی میں بہتری اور ساحلی علاقوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت ساحلی علاقے کو وسعت دینے کے ساتھ سرسبز مقامات، کھلے تفریحی میدان اور مختلف سرگرمیوں کے لیے سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جہاں خاندان، شہری اور سیاح قدرتی ماحول میں خوشگوار وقت گزار سکیں گے۔
عبدالرحمان محمد النعیمی کے مطابق یہ منصوبہ ساحلی علاقے میں ایک اہم اضافہ ہے، جس میں مختلف عمر اور دلچسپی رکھنے والے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے، تاکہ ہر فرد کو ایک مربوط اور خوشگوار تفریحی ماحول میسر آسکے۔
منصوبے میں کارنیش کے ساتھ اسپورٹس واک وے اور سائیکلنگ ٹریک بھی شامل ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو جسمانی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔
شجرکاری اور لینڈ اسکیپنگ کے ذریعے ساحلی علاقے میں سرسبز مقامات کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف ماحول خوبصورت ہوگا بلکہ ساحل کی قدرتی دلکشی بھی مزید نمایاں ہوگی۔
عجمان میونسپلٹی کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیکٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر انجینئر محمد احمد بن عمیر المہیری نے منصوبے کے مختلف مراحل اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ساحل کی توسیع اور گرین اسپیسز کی فراہمی ترقیاتی کاموں کا اہم حصہ ہے۔
عجمان میں جاری جامع ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہری خوبصورتی، سماجی روابط اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، تاکہ امارت کو ایک پائیدار اور معیاری طرزِ زندگی فراہم کرنے والی نمایاں منزل کے طور پر مزید مستحکم کیا جاسکے۔





