دبئی ( جانب منزل نیوز) گلوبل ولیج دبئی آنے والوں کے لیے خوشخبری، ایک ٹکٹ پر دو دن کی سیر اور تفریح کا سنہری موقع مل گیا۔ 6 نومبر کو گلوبل ولیج کا دورہ کرنے والے مہمان 7 نومبر کو مفت داخلے سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری خصوصی پیشکش کے تحت 6 نومبر کا ٹکٹ خریدنے والے افراد اگلے روز مفت انٹری ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں، تاہم اس سہولت سے صرف 3 ہزار 100 افراد مستفید ہوں گے۔ مفت ٹکٹ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔
6 نومبر کا داخلہ ٹکٹ محفوظ رکھنا ہوگا۔ 7 نومبر کو گیٹ آف دی ورلڈ پر قائم انفارمیشن بوتھ پر ٹکٹ دکھا کر مفت داخلے کا ٹکٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ ٹکٹ صرف 7 نومبر کے لیے قابلِ استعمال ہوگا۔
گلوبل ولیج میں 6 سے 10 نومبر تک دیوالی کی پانچ روزہ تقریبات بھی جاری رہیں گی، جہاں ثقافتی پرفارمنس، روایتی موسیقی، رنگا رنگ میلہ، خریداری اور خاندانی تفریح مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔
6 نومبر کو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی محفل ’’بیٹھک‘‘ سجائی جائے گی، جبکہ 7 نومبر کو دلچسپ کھیلوں اور انعامات جیتنے کے مواقع میلے کی رونق بڑھائیں گے۔
8 نومبر کو رات 8 بجے 600 ڈرونز پر مشتمل شاندار فضائی مظاہرہ اور خصوصی دیوالی لائٹ شو بھی پیش کیا جائے گا۔





