تمل ناڈو ( جانب منزل نیوز) بھارتی ریاست تمل ناڈو میں فلم بینوں کے لیے خوشخبری، سینما گھروں میں صبح 6 بجے فلموں کی نمائش کی اجازت بحال کر دی گئی، جبکہ نئی تمل فلموں کے لیے روزانہ شوز کی تعداد بھی بڑھا کر 6 کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ سی جوزف وجے نے نئے فیصلے کی منظوری دے دی، جس کے تحت فلموں کی ریلیز کے پہلے 7 روز تک سینما گھروں میں روزانہ 6 شوز دکھائے جا سکیں گے۔
نئے ضابطے کے تحت فلموں کے شوز صبح 6 بجے شروع ہو سکیں گے اور اگلے روز رات 2 بج کر 30 منٹ تک جاری رہیں گے۔ ہفتہ، اتوار، سرکاری تعطیلات اور تہواروں پر بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔
حکومت کا یہ فیصلہ دیوالی کے فلمی سیزن سے قبل سامنے آیا ہے، جس سے نئی ریلیز ہونے والی تمل فلموں کو زیادہ شوز اور بہتر کاروباری مواقع ملنے کی توقع ہے۔
فلم پروڈیوسرز، ڈسٹری بیوٹرز اور سینما مالکان نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے۔





