دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ نئے ضوابط کے تحت لائسنس کی مدت درخواست گزار کی عمر، قومیت اور رہائشی حیثیت کے مطابق ایک سے 10 سال تک مقرر کی گئی ہے۔
نئے قانون کے مطابق 21 سال سے کم عمر افراد کو ایک سال کے لیے عارضی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا، جس کی مزید ایک سال کے لیے تجدید ممکن ہوگی۔ 21 سال یا اس سے زائد عمر کے نئے درخواست گزاروں کو ابتدائی طور پر دو سال کا لائسنس دیا جائے گا۔
بعد ازاں اماراتی اور خلیجی ممالک کے شہریوں کو 10 سال جبکہ غیر ملکی مقیم افراد کو پانچ سال کے لیے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا۔ دونوں کی تجدید بھی مساوی مدت کے لیے ممکن ہوگی۔
نئے ضوابط میں مختلف گاڑیوں کے لیے عمر کی حد بھی واضح کردی گئی ہے۔ عام گاڑی چلانے کے لیے کم از کم عمر 18 سال، بھاری گاڑیوں کے لیے 20 سال جبکہ ہلکی اور بھاری بس چلانے کے لیے 21 سال مقرر کی گئی ہے۔
موٹر سائیکل کی مخصوص کیٹیگری کے لیے 17 سال کی عمر میں بھی لائسنس حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ دوسری کیٹیگری کے لیے کم از کم عمر 21 سال ہوگی۔
ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے اور تجدید کے لیے اماراتی شناختی کارڈ، طبی فٹنس، مطلوبہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں کامیابی اور مقررہ فیس کی ادائیگی لازمی ہوگی۔ طبی معائنے میں جسمانی، بصری اور ذہنی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ یقینی بنائی جا سکے۔
نئے قوانین کے تحت مخصوص ممالک کے شہری، جی سی سی ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے افراد اور بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے حامل سیاح اپنے مجاز قیام کے دوران امارات میں مقامی لائسنس کے بغیر گاڑی چلا سکیں گے۔
نئے ضوابط کا مقصد ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، ٹریفک قوانین میں شفافیت لانا اور سڑکوں پر محفوظ سفر کو فروغ دینا ہے۔





