امریکا ( جانب منزل نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈٹرم انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کردیا، سیاسی محاذ آرائی کے بجائے تعاون کی نئی امید پیدا ہوگئی۔
نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ڈیموکریٹس کے ساتھ کام کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پانے کا امکان ہے۔
ریپبلکن امیدواروں کی شکست پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ خود انتخابی میدان میں ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔
ٹرمپ نے اپنی حمایت یافتہ سینیٹ امیدواروں کی ناکامی پر افسوس نہ کرنے کا اظہار کیا ۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر انتخابی نتائج کا تجزیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی اور ناکامی کی وجوہات پر سیاسی تبصرے کریں گے۔
صدر نے اپنے دور حکومت کے ابتدائی دو سال کو امریکی تاریخ کا کامیاب ترین دور بھی قرار دیا۔
ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد کانگریس میں سیاسی توازن تبدیل ہوگیا ہے۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے قانون سازی کے ایجنڈے کو روکنے کے لیے صدارتی ویٹو استعمال کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مخالف جماعت کے ساتھ تعاون کا اعلان آنے والے دو سال میں امریکی سیاست کے نئے رخ کا تعین کرسکتا ہے۔





