ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں سال کے اختتام پر خریداری کے شوقین افراد کے لیے بڑی خوشخبری، لولو گروپ نے 100 ملین درہم مالیت کی خصوصی شاپنگ مہم کا اعلان کر دیا۔ ’’فیسٹیول آف پروموشنز‘‘ کے نام سے شروع ہونے والی دو ماہ کی مہم نومبر اور دسمبر میں ملک بھر کے لولو اسٹورز پر جاری رہے گی، جس میں دلکش ڈسکاؤنٹس، خصوصی آفرز اور انعامات صارفین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
2 نومبر کو ابوظہبی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مہم کا اعلان کیا گیا۔ یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب متحدہ عرب امارات میں سیاحت، تفریح اور شاپنگ سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ گلوبل ولیج کی رونقیں جاری ہیں جبکہ دبئی شاپنگ فیسٹیول اور عید الاتحاد بھی قریب آ رہے ہیں۔
لولو گروپ کے ڈائریکٹر سلیم ایم اے کا کہنا ہے کہ اماراتی قیادت کے معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے اقدامات کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحانات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
لولو گروپ نے صارفین کے لیے ہفتہ وار پروموشنز کا خصوصی کیلنڈر ترتیب دیا ہے۔ ونٹر فیشن کلیکشنز کے آغاز کے بعد 19 نومبر سے سپر فرائیڈے مہم کے تحت الیکٹرانکس، گھریلو آلات، فیشن اور گروسری پر خصوصی رعایتیں پیش کی جائیں گی۔
25 نومبر سے بیوٹی اور ویلنیس آفرز جبکہ 28 نومبر سے عید الاتحاد کے خصوصی ڈیلز متعارف ہوں گی۔ اس موقع پر امارات میں تیار کردہ مصنوعات کو اول امارات اقدام کے تحت نمایاں کیا جائے گا۔
دسمبر کے پہلے ہفتے میں دبئی شاپنگ فیسٹیول کے ساتھ ’’فیسٹیول آف ڈیلز‘‘ شروع ہوگا۔ سال کے اختتام پر کرسمس اور نئے سال کی خصوصی سیلز جبکہ آخری ہفتے میں مڈنائٹ سیلز کے ذریعے صارفین کو مزید بچت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
لولو گروپ کے مارکیٹنگ و کمیونیکیشنز ڈائریکٹر وی ننداکمار کے مطابق مہم کا مقصد پورے سیزن میں خریداروں کو نئی آفرز، خصوصی انعامات اور منفرد شاپنگ تجربات سے مستفید کرنا ہے۔
لولو گروپ نے اپنے آن لائن کاروبار اور فوری ڈیلیوری سروس ’’لولو منٹس‘‘ میں بھی نمایاں ترقی کی نشاندہی کی ہے۔ کمپنی کی نئی ایپ میں منی ریمیٹنس کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس سے صارفین کو خریداری کے ساتھ مزید ڈیجیٹل خدمات میسر آئیں گی۔





