دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پانچ اہم شاہراہوں پر مجموعی طور پر 20 کلومیٹر طویل سڑکوں کی سالانہ مرمت اور بحالی مکمل کر لی۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے گئے اس اقدام کا مقصد سڑکوں کے معیار کو برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور حادثات کے خدشات کم کرنا ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق مرمتی کام شیخ محمد بن زاید روڈ کے دونوں اطراف، لہباب روڈ، دبئی العین روڈ، امارات روڈ اور الرباط اسٹریٹ پر مکمل کیا گیا۔ منصوبے میں جبل علی لہباب انٹرچینج کی ٹرننگ لینز اور العین سے لہباب جانے والی فری فلو لین کی بحالی بھی شامل تھی۔
دبئی میں سڑکوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید لیزر اسکیننگ اور مصنوعی ذہانت سے مدد لی جا رہی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی سڑکوں میں معمولی دراڑوں، گڑھوں اور دیگر نقصانات کی نشاندہی کرتی ہے، جس سے بروقت مرمت اور سڑکوں کی بہتر دیکھ بھال ممکن ہوتی ہے۔
آر ٹی اے کے ڈائریکٹر روڈز اینڈ فیسلٹیز مینٹیننس نبیل محمد کے مطابق ادارہ عالمی معیار کے تحت سڑکوں کا مسلسل جائزہ لیتا اور سال بھر کے لیے مرمتی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی اور مرمتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کی متبادل گزرگاہیں بھی جامع منصوبہ بندی کے تحت بنائی جاتی ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
آر ٹی اے نے ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ ٹریفک ڈائیورژن کے دوران احتیاط سے گاڑی چلائیں اور سڑکوں پر نصب رہنما سائن بورڈز کی پابندی کریں۔ حکام کے مطابق سڑکوں کی بروقت دیکھ بھال دبئی کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو محفوظ اور مؤثر بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔





