پیرس (جانب منزل نیوز) دنیا کے معروف سائیکلسٹ اور پانچ مرتبہ ٹور ڈی فرانس کے فاتح ٹیڈی پوگاچار نے سیزن کے اختتام پر پیش آنے والے حادثے کی سنگینی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’’زندہ بچ جانے پر خوش ہیں۔
28 سالہ سلووینین سائیکلسٹ کے مطابق حادثے میں گردن اور کالر بون کے فریکچر کے علاوہ ریڑھ کی ہڈی کے تین مہرے بھی ٹوٹ گئے تھے۔ ابتدائی طبی تشخیص کے بعد سلووینیا میں کیے گئے سی ٹی اسکین سے مزید دو فریکچر سامنے آئے۔
ٹیڈی پوگاچار نے بتایا کہ حادثے کے بعد انہیں سر کی چوٹ کے باعث چکر آنے، متلی اور جسمانی توازن برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ روزمرہ کے معمولات بھی انجام دینے سے قاصر تھے۔
سائیکلسٹ کے مطابق سرجری کے بعد ابتدائی دو ہفتے انتہائی مشکل ثابت ہوئے اور وہ ذہنی طور پر شدید دباؤ اور مایوسی کا شکار رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صحت یابی کا عمل توقع سے زیادہ طویل اور کٹھن تھا، تاہم روزانہ فزیوتھراپی اور انڈور سائیکل ٹریننگ شروع کرنے سے ان کی جسمانی اور ذہنی کیفیت میں بہتری آنے لگی۔
ٹیڈی پوگاچار کا کہنا ہے کہ اب وہ معمول کی زندگی کی جانب واپس آ رہے ہیں اور انہیں پہلے جیسی تکلیف محسوس نہیں ہوتی، تاہم گردن اور بائیں بازو پر دباؤ ڈالنے اور سائیکلنگ کے دوران کسی نئے حادثے سے بچنے کے لیے احتیاط کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے ممکنہ نتائج کے بارے میں سوچنا خوفناک ہے، تاہم وہ اپنی صحت یابی پر شکر گزار ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بہتری کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔





