دبئی (جانب منزل نیوز) کتابوں سے دوستی نے 11 سالہ مصری طالبہ کو دنیا بھر میں شہرت دلا دی۔ مایار عثمان الشوربگی نے دسویں عرب ریڈنگ چیلنج میں 60 ممالک کے 4 کروڑ سے زائد طلبہ کو پیچھے چھوڑ کر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ فائنل تقریب میں دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مایار کو فاتح کی ٹرافی اور 5 لاکھ درہم انعام دیا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ننھی طالبہ کے سر پر بوسہ دیا اور اپنے لباس پر لگا بیج اتار کر مایار کو تحفے میں دے دیا۔ یہ یادگار لمحہ تقریب کا سب سے جذباتی منظر بن گیا۔
کامیابی کا اعلان سنتے ہی مایار خوشی سے اچھل پڑیں اور سجدہ شکر ادا کیا، جبکہ ٹرافی وصول کرتے ہوئے ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری تھے۔
مایار نے مقابلے کے لیے 60 کتابوں کا مطالعہ کیا اور مصر میں ایک کروڑ 76 لاکھ سے زائد شرکا میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
ننھی چیمپئن کا خواب مستقبل میں مصر کی وزیر اطلاعات بننا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عربی زبان کی خوبصورتی، ادب اور شاعری کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔
مایار نے دنیا بھر کے بچوں کو پیغام دیا کہ مطالعہ قوموں کو تباہی اور جنگوں سے بچانے کی طاقت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق کتابیں صرف علم نہیں دیتیں بلکہ نئی سوچ، امید اور روشن مستقبل کی بنیاد بھی بنتی ہیں۔





