دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں آئندہ پانچ روز کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق موسم کی یہ صورت حال پیر، 2 نومبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا، جبکہ گرج چمک والے بادل بعض اندرونی علاقوں تک پھیل کر بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
پیش گوئی کے مطابق ہوائیں بعض اوقات تیز ہو کر گردوغبار پھیلا سکتی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 35، اندرونی علاقوں میں 45 اور پہاڑی علاقوں میں 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت اندرونی علاقوں میں 35 سے 39 ڈگری، ساحلی علاقوں اور جزائر میں 33 سے 37 ڈگری جبکہ پہاڑی علاقوں میں 26 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
جمعہ اور ہفتے کو بھی مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ اتوار یکم نومبر اور پیر 2 نومبر کو بھی گرج چمک والے بادل بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب رات اور صبح کے اوقات میں نمی بڑھنے کے باعث بعض ساحلی اور اندرونی علاقوں، خصوصاً مغربی حصوں میں دھند یا کہر چھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق اس موسمی تبدیلی کی وجہ سطحِ زمین اور بالائی فضا میں کم دباؤ کے نظام کی موجودگی ہے۔ تاہم، پانچ روزہ پیش گوئی کے دوران خلیج عرب اور بحیرۂ عمان میں سمندر کی کیفیت عمومی طور پر ہلکی رہنے کی توقع ہے۔





