ابوظہبی (جانب منزل نیوز) ابوظہبی ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے، شائقین یکم نومبر تک ابتدائی رعایتی پیشکش کے تحت صرف 10 درہم میں ٹکٹ حاصل کر سکیں گے، جبکہ 2 نومبر سے جنرل انٹری ٹکٹ کی قیمت 20 درہم مقرر کی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ 7 سے 20 نومبر 2026 تک ابوظبی کے معروف زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں چھ ٹیمیں مجموعی طور پر 32 میچز میں حصہ لیں گی۔ شائقین فائنل سمیت تمام مقابلوں کے ٹکٹ آن لائن بک کروا سکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ کو ٹورنامنٹ کا باضابطہ ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ جنرل اسٹینڈز کے علاوہ پریمیم ہاسپیٹیلٹی سوئٹس بھی دستیاب ہوں گے، جہاں خصوصی نشستوں اور مہمان نوازی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ابوظہبی کرکٹ اینڈ اسپورٹس ہب اور ابوظبی ٹی 10 کے چیف ایگزیکٹو میٹ باؤچر نے کہا کہ ابتدائی رعایتی پیشکش کا مقصد عالمی معیار کی کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ شائقین اور خاندانوں کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔ ان کے مطابق ٹورنامنٹ کو کرکٹ کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کا بھرپور تجربہ بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں فین ولیج بھی قائم کیا جائے گا، جہاں بچوں اور خاندانوں کے لیے انٹرایکٹو گیمز، فیس پینٹنگ، فوٹو بوتھ، باؤنسی کیسلز، فوڈ ٹرکس اور انعامات جیتنے کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
منتظمین نے شائقین کو رعایتی مدت ختم ہونے سے پہلے ٹکٹ بک کروانے کی ترغیب دی ہے تاکہ وہ 20 نومبر کو ہونے والے فائنل سمیت اپنی پسند کے مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔





