لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کے باعث شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر وقفہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
دانیال ظفر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو برس سے مسلسل سفر اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث وہ شدید تھکن کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق ایک ساتھ اداکاری اور موسیقی کے شعبوں میں کام کرنا انتہائی مشکل ثابت ہوا، جس کے اثرات ان کی صحت پر بھی مرتب ہوئے۔
گلوکار نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں انہیں اپنی صحت کو اولین ترجیح دینے اور کچھ عرصے کے لیے تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں معطل کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں۔
واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں دو ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں، جبکہ وہ اپنے نئے اسٹوڈیو البم ’’اسٹورمز اینڈ سیرینٹی‘‘ (Storms and Serenity) کی تشہیر میں بھی مصروف تھے۔ ان کے اعلان کے بعد مداحوں نے ان کی جلد صحت یابی اور شوبز میں واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔





