ممبئی (جانب منزل نیوز) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو دو سال تک استعمال کے لیے مفت گھی فراہم کرنے کا وعدہ بالآخر پورا ہونے کے اشارے مل گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان نے کچھ عرصہ قبل امیتابھ بچن کے مقبول شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سیزن 18 میں شرکت کی تھی، جہاں ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ دسویں سوال کا درست جواب دینے پر انہیں دو سال تک گھی کی سپلائی فراہم کی جائے گی۔
بعد ازاں اداکار نے مختلف انٹرویوز میں شکایت کی تھی کہ وعدے کے باوجود انہیں گھی نہیں ملا۔ اس معاملے پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر دلچسپ مہم شروع کی، آن لائن پٹیشن بنائی اور انسٹاگرام پر ’’گھی آن سیف سائیڈ‘‘ کے نام سے اکاؤنٹ بھی قائم کیا۔
حالیہ انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران سیف علی خان مداحوں سے گھی کے علاوہ دیگر موضوعات پر سوالات کرنے کی درخواست کر رہے تھے کہ اسی دوران ان کے پیچھے ایک شخص گھی کا ڈبہ لے کر گزرتا دکھائی دیا۔
اس منظر نے مداحوں میں یہ قیاس آرائیاں پیدا کر دیں کہ اداکار کو بالآخر گھی کی سپلائی مل گئی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔





