شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہری کشور پندورنگ راؤ کی قسمت اس وقت چمک اٹھی جب انہوں نے اپنی 60ویں سالگرہ سے صرف پانچ روز قبل یو اے ای لاٹری میں 50 لاکھ درہم کا انعام جیت لیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق کشور راؤ نے 3 اکتوبر کو ہونے والی ’’لکی ڈے‘‘ قرعہ اندازی میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے صرف 50 درہم کا ٹکٹ خریدا تھا اور نمبرز کے انتخاب کے لیے ’’ایزی پک‘‘ آپشن استعمال کیا۔ قرعہ اندازی میں ’’ڈیز‘‘ سیکشن کے تمام چھ نمبرز درست ہونے پر انہیں 50 لاکھ درہم کا انعام ملا۔
کشور راؤ 1993 میں متحدہ عرب امارات آئے تھے اور تین دہائیوں سے زائد عرصے سے یہاں مقیم ہیں۔ وہ اب انعامی رقم کے ذریعے گولڈن ویزا کے لیے درخواست دینے، اپنے اہلِ خانہ کو متحدہ عرب امارات میں اکٹھا کرنے اور اہلیہ کے ساتھ دنیا بھر کی سیر کرنے کے خواہش مند ہیں۔
ان کے مطابق اہلیہ کے ساتھ زندگی کی خوشیاں اور مشکلات بانٹنے کے بعد اب وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے خاندان کے لیے بہتر مستقبل اور مشترکہ سفر کے خواب پورے کرنا چاہتے ہیں۔
کشور راؤ نے لاٹری میں حصہ لینے والوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ اپنی مالی استطاعت کے مطابق اخراجات کی حد مقرر کریں۔ یو اے ای لاٹری جنرل کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی کی نگرانی میں کام کرتی ہے۔





