دبئی (جانب منزل نیوز)دبئی نے بارشوں کے پانی کو تیزی سے نکالنے اور شہری علاقوں کو پانی جمع ہونے کے مسائل سے محفوظ بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ دبئی میونسپلٹی نے 3 ارب درہم کے چار نئے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت تقریباً 100 کلومیٹر طویل مرکزی نکاسی آب کی لائنیں تعمیر اور توسیع کی جائیں گی۔
یہ منصوبے دبئی کے اہم علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ جمیرا، ام سقیم، الصفاء، البرشاء، القوز، الوصل، زعبیل، السطوہ اور المرموم سمیت متعدد علاقوں کو جدید ڈرینیج نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت جمیرا اور ام سقیم میں 42 کلومیٹر، شیخ زاید روڈ اور الخیل روڈ کے درمیان 14 کلومیٹر، الوصل روڈ اور دبئی واٹر کینال کے مشرقی علاقوں میں 21 کلومیٹر جبکہ المرموم میں 23 کلومیٹر طویل نکاسی آب کا نظام تیار کیا جائے گا۔
یہ منصوبے 30 ارب درہم کے وسیع تر تصریف (Tasreef) پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بارش کے پانی کی نکاسی کی صلاحیت میں 700 فیصد اضافہ اور پمپنگ اسٹیشنوں کی تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال کے اخراجات میں 20 فیصد کمی لانا ہے۔
دبئی کا یہ اقدام جدید شہری منصوبہ بندی اور موسمی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے، جس سے شہر کے نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی۔





