دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید انفراسٹرکچر منصوبے کی تکمیل کے قریب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی جمعہ 30 اکتوبر 2026 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر راؤنڈ اباؤٹ منصوبے کا آخری پل ٹریفک کے لیے کھولے گی۔
منصوبے کے تحت ایک کلومیٹر طویل پل فعال ہونے سے المجلیس اسٹریٹ سے 2 دسمبر اسٹریٹ تک سفر کا دورانیہ 6 منٹ سے کم ہو کر صرف ایک منٹ رہنے کی توقع ہے، جبکہ چوراہے پر انتظار کا وقت بھی 12 منٹ سے کم ہو کر تقریباً 90 سیکنڈ رہ جائے گا۔
اس منصوبے پر 696 ملین درہم سے زائد لاگت آئی ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر پانچ پل تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان پلوں کی مجموعی لمبائی پانچ کلومیٹر ہے، جس سے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر اور قریبی رہائشی و تجارتی علاقوں تک آمدورفت مزید آسان ہوگی۔
حکام کے مطابق جدید سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے ٹریفک کی گنجائش میں اضافہ، رش میں کمی اور سفر کے وقت میں نمایاں بچت ممکن ہوگی۔ یہ منصوبہ دبئی کی بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور معاشی سرگرمیوں کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے سفری سہولیات بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔





