دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی میں ایپل کے منفرد مداح محمد شکا نے نئے فولڈ ایبل آئی فونز وصول کرنے کے لیے اپنے 53 پرانے آئی فونز کے ساتھ ایپل اسٹور پہنچ کر سب کو حیران کر دیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد شکا جمعے کی صبح ایپل کے دو نئے فولڈ ایبل فونز وصول کرنے پہنچے تو ان کے ساتھ موجود 53 آئی فونز بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ ان کے مجموعے میں ایپل کے پہلے آئی فون سے لے کر جدید ترین آئی فون 18 پرو میکس تک مختلف ماڈلز شامل ہیں۔
محمد شکا گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے آئی فونز جمع کرنے کے شوق سے وابستہ ہیں۔ وہ اپنے قیمتی مجموعے کو گھر میں سجا کر رکھتے ہیں اور بعض ماڈلز مختلف رنگوں میں بھی ان کے پاس موجود ہیں۔
محمد شکا کا کہنا ہے کہ آئی فون جمع کرنا ان کے لیے صرف شوق نہیں بلکہ ایک ذاتی چیلنج بھی ہے۔ ان کے مطابق ہر نئی نسل کے آئی فون میں کیمرے، ٹچ اسکرین، بیٹری اور آپریٹنگ سسٹم سمیت مختلف خصوصیات میں تبدیلیاں آتی ہیں، جنہیں وہ گزشتہ کئی برسوں سے قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایپل کے فولڈ ایبل فون کا انہیں تین سال سے زیادہ عرصے سے انتظار تھا۔ اس فون کے حوالے سے طویل عرصے تک افواہیں گردش کرتی رہیں، تاہم بکنگ کا موقع ملنے پر انہوں نے اسے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
محمد شکا نے بتایا کہ مسلسل تین سال سے ایپل کی بڑی مصنوعات کی لانچ کے موقع پر ابتدائی خریداروں میں شامل رہے ہیں اور نئے فولڈ ایبل فونز کی وصولی کے ساتھ ان کی یہ ہیٹ ٹرک بھی مکمل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے خریداروں کو بھی نئے فونز حاصل کرنے کا موقع ملے۔
محمد شکا کا اگلا خواب ایپل کی جانب سے کیلیفورنیا میں ہونے والی کسی نئی مصنوعات کی تقریب میں شرکت کرنا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ وہاں بھی سب سے پہلے پہنچ کر اپنی ایپل سے محبت اور منفرد کلیکشن کا اظہار کر سکیں۔
ایپل کے لیے ان کا یہ جنون ثابت کرتا ہے کہ بعض افراد کے لیے موبائل فون محض ایک ٹیکنالوجی ڈیوائس نہیں بلکہ برسوں پر محیط شوق، یادوں اور جدت کے سفر کی علامت بھی ہوتے ہیں۔





