اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف نے ملاقات کی، جس میں مذہبی تعلیم، ثقافت، باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی روابط مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مفتی اعظم ترکمانستان کے متوقع دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی روابط کو نئی جہت ملے گی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف نے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے مذہبی تعلیمی نظام اور نصاب میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترکمانستان کی قیادت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکمانستان مذہبی و ثقافتی روابط کے فروغ، تعلیمی تعاون میں اضافے اور خطے میں امن و ہم آہنگی کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔





