اسلام آباد (جانب منزل نیوز) مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق صدر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔ ان کے ہمراہ خاتونِ اول، کابینہ کے وزرا اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔
دورے کے دوران مالدیپ کے صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ محدود اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کیے جائیں گے۔ مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع اور بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ دورے کے دوران مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





