راولپنڈی (جانب منزل نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران بابر اعظم نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بلے باز بن گئے۔
تاہم اس اہم کامیابی کے باوجود بابر اعظم سری لنکا کے خلاف اپنی اننگز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکے اور 45 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
بابر اعظم گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کا اہم حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد اہم اننگز کھیلیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی رنز کا شمار ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کے رنز کو ملا کر کیا جاتا ہے۔ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس میں اپنی کارکردگی کی بدولت یہ اعزاز حاصل کیا۔





