اسلام آباد (جانب منزل نیوز) اسلام آباد میں دانش اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولوں کا بنیادی مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھولنا اور امیر و غریب کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں دکھائی جانے والی دستاویزی فلمیں اور طلبہ کی کامیابیوں کی کہانیاں حوصلہ اور امید پیدا کرتی ہیں۔
شہباز شریف نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ بچپن میں والد کو کھونے کے بعد اس کے تعلیمی خواب وسائل کی کمی کے باعث خطرے میں پڑ گئے تھے، تاہم اس نے ہمت نہیں ہاری اور ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کے قابل ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندان شدید محنت کے باوجود اپنے گھریلو اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں بچوں کی تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی ان کے لیے بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔
شہباز شریف نے یاد دلایا کہ پنجاب میں دانش اسکولوں کا منصوبہ 2010 میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں اور غریب خاندانوں کے ذہین بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی محنت اور قابلیت کے ذریعے کامیابی حاصل کرسکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم اور ترقی کے مواقع کسی بچے کی دولت یا خاندانی پس منظر سے مشروط نہیں ہونے چاہئیں۔ دانش اسکول ایسے بچوں کے لیے امید کی کرن ہیں جو مناسب مواقع ملنے پر اپنی زندگی بدلنے کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی اور انسانیت کی خدمت میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔





