دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی پولیس نے ایک سیاح کا گمشدہ ہینڈ بیگ تمام قیمتی سامان سمیت واپس کرکے فرض شناسی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ خدمات کی قابلِ تحسین مثال قائم کردی۔
گلف نیوز کے مطابق خاتون دبئی ایئرپورٹ پر اپنا ہینڈ بیگ بھول گئی تھیں، جس میں نقد رقم، اسمارٹ فون اور دیگر قیمتی اشیا موجود تھیں۔ ایئرپورٹ سکیورٹی حکام نے بیگ تلاش کرکے اسے محفوظ تحویل میں لے لیا اور ضروری کارروائی کے بعد خاتون سے رابطہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے خاتون کو بیگ بیرونِ ملک بھیجنے اور ان کی دبئی واپسی تک محفوظ رکھنے کی سہولت بھی پیش کی۔ خاتون نے دبئی واپسی پر اپنا بیگ وصول کیا تو اس میں موجود تمام سامان صحیح سلامت تھا۔
خاتون نے دبئی پولیس کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل، ایمانداری اور تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس واقعے کو متحدہ عرب امارات میں عوامی تحفظ، امانت داری اور شہری خدمات کے اعلیٰ معیار کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
دبئی پولیس کا یہ اقدام سیاحوں کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور امارت کے محفوظ اور سیاح دوست تشخص کو اجاگر کرنے میں اہمیت رکھتا ہے۔





