لندن (جانب منزل نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حالات قابو سے باہر ہو رہے تھے، ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ جماعت نے گزشتہ 13 سال کے دوران خیبرپختونخوا کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی ملک میں وزیراعلیٰ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیسے کر سکتا ہے؟ صوبائی وسائل کو اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کے خلاف استعمال کرنا کہاں کا طریقہ ہے؟
نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے آزاد ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔





