اسلام آباد (جانب منزل نیوز) حکومت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ کسی تیسرے مقام کے تعین کی شرط مسترد کر دی ہے۔ حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر بھی پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ممکن ہے، اس کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر ملاقات کے لیے اصرار قابل قبول نہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی واپس لینے کی شرط پر پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، تاہم تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کرے تو بات چیت کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو دو خطوط لکھے ہیں، جن کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے محمود اچکزئی سے کہا کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اپنی دستیابی سے آگاہ کریں اور بتائیں کہ وزیراعظم ہاؤس کب تشریف لا رہے ہیں۔
حکومتی مؤقف کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس ہی مقام ہوگا، جبکہ مذاکرات کے حوالے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کو اہم قرار دیا گیا ہے۔





