اسلام آباد (جانب منزل نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پشاور کے اسکول میں پیش آنے والے المناک حادثے اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ اسکول کے افسوس ناک سانحے میں 33 طلبہ اور دو اساتذہ جان کی بازی ہار گئے۔ ابتدائی تفتیش کے لیے اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ اگلی صبح پیش کیے جانے کا بتایا گیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور شہدا کے ورثا میں پلاٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مالی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں امدادی رقم بڑھا کر 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کا قیام صوبے کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔





