لندن ( جانب منزل نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی اسکولوں کی حالتِ زار سے متعلق مریم نواز پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔
لندن میں ایون فیلڈ پہنچنے پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پشاور میں پیش آنے والے اسکول حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان سے پاکستان کی صورتِ حال، دہشت گردی کے مسئلے اور ان کی صحت سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے۔
نجی تعلیمی اداروں کی حالت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز اس معاملے پر پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسکولوں میں طلبہ کی حفاظت اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت سے متعلق سوالات اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔
پاکستان میں دہشت گردی کے مسئلے سے متعلق سوال پر مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے مسئلے کو سمجھتا ہے اور اس کا نوٹس بھی لے رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف سے ان کی طبیعت کے بارے میں بھی پوچھا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیا، شکر ہے اللہ کا۔





