دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں جدید ریل سفر کی مقبولیت میں اضافہ ہونے لگا، دبئی اور ابوظہبی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر اتحاد ریل نے اضافی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی اور ابوظہبی کے درمیان ٹرین کا سفر تقریباً ایک گھنٹہ چار منٹ میں مکمل ہوتا ہے، جبکہ دونوں شہروں کے درمیان روزانہ دس براہِ راست سروسز چلائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹکٹوں کے کرائے سفر کی تاریخ، وقت، کلاس اور نشستوں کی دستیابی کے لحاظ سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ مصروف اوقات میں آف پیک اوقات کے مقابلے میں کرایہ 40 درہم تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آخری وقت کی پریشانی اور ممکنہ اضافی اخراجات سے بچنے کے لیے پیشگی بکنگ کریں۔ اتحاد ریل کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے مختلف اوقات کے کرایوں کا موازنہ کرکے اپنی سہولت کے مطابق سفر کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
جدید ریل سروس متحدہ عرب امارات میں شہری ٹرانسپورٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے، جہاں مسافر وقت کی بچت، آرام دہ سفر اور بہتر منصوبہ بندی کو ترجیح دے رہے ہیں۔





