مسقط (جانب منزل نیوز) فلپائن نے جلیجی شہریوں کے لیے ای ویزا کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب فلپائن جانے کے خواہش مند عمانی شہری سفر سے قبل آن لائن ویزا درخواست جمع کرا سکیں گے۔
عمان کی وزارت خارجہ کے مطابق نیا نظام 5 اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ شہری فلپائن کے سرکاری آن لائن پورٹل evisa.gov.ph کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
نئے نظام کے تحت منظور شدہ ای ویزا ڈیجیٹل یا پرنٹ شدہ شکل میں پیش کیا جا سکے گا، جبکہ ویزا کی منظوری کے بعد پاسپورٹ پر روایتی ویزا اسٹیکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزارت خارجہ کے مطابق ای ویزا بعض موجودہ ویزا طریقہ کار کے ساتھ بھی قابل قبول ہوگا، تاہم اس ویزا کو فلپائن کے کسی دوسرے ویزے میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا اور نہ ہی قیام کی مقررہ مدت میں توسیع ممکن ہوگی۔
عمانی حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل تمام ضروری دستاویزات اور سفری تقاضے مکمل کریں۔ فلپائن میں داخلے کے وقت پاسپورٹ کی میعاد کم از کم چھ ماہ باقی ہونا ضروری ہے، جبکہ قیام کی پوری مدت کے لیے جامع ہیلتھ انشورنس بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے ای ویزا نظام سے خلیجی شہریوں کے لیے فلپائن کے ویزے کے حصول کا عمل مزید آسان ہونے کی توقع ہے، تاہم مسافروں کو روانگی سے پہلے تمام ویزا شرائط کی تکمیل یقینی بنانا ہوگی۔





