اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل تعاون اور لانگ مارچ ختم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی، جس کے باعث وفاقی حکومت کو اقدام کرنا پڑا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ قومی اسمبلی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قرارداد کی منظوری دے گی۔ ان کے مطابق بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کر رہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت مطلوبہ کردار ادا نہیں کر رہی تھی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ناگزیر ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ عناصر جرائم میں ملوث ہیں، جن کے خلاف کارروائی صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دو شرائط رکھی تھیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون اور لانگ مارچ ختم کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ان شرائط پر آمادہ ہو جاتی تو وفاقی حکومت کو یہ اقدام نہ کرنا پڑتا۔





